Translate

Monday, 25 August 2014

KAMYAAB KON....!

 کہتے ہیں کہ ایک بادشاہ نے اپنے ملک کے سارے عقلمند اور دانا لوگ اکٹھے کئے اور اُن سے کہا: میں چاہتا ہوں کہ تم لوگ ایک ایسا نصاب ترتیب دو جس سے میرے ملک کے نوجوانوں کو کامیابی کے اصولوں کا پتہ چل جائے، میں ہر نوجوان کو اُسکی منزل کا کامیاب شخص دیکھنا چاہتا ہوں..
یہ دانا لوگ مہینوں سر جوڑ کر بیٹھے اور ہزاروں صفحات پر مشتمل ایک کتاب لکھ کر بادشاہ کے پاس لائے۔ کتاب اپنے آپ میں ایک خزانہ تھی جس میں کامیابی کیلئے اصول و ضابطے، حکمت و دانائی کی باتیں، کامیاب لوگوں کے تجربات و قصے اور آپ بیتیاں و جگ بیتیاں درج تھیں۔ بادشاہ نے کتاب کی ضخامت دیکھتے ہی واپس لوٹا دی کہ یہ کتاب نوجوانوں کو کوئی فائدہ نہیں دے سکتی، جاؤ اور اسے مختصر کر کے لاؤ۔
یہ دانا لوگ کتاب کو ہزاروں صفحات سے مختصر کر کے سینکڑوں صفحات میں بنا کر لائے تو بھی بادشاہ نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ لوگ دوبارہ کتاب کو سینکڑوں صفحات سے مختصر کر کے بیسیوں صفحات کی بنا کر لائے تو بھی بادشاہ کا جواب انکار میں ہی تھا۔ بادشاہ نے اپنی بات دہراتے ہوئے اُن لوگوں سے کہا کہ تمہارے یہ قصے کہانیاں اور تجارب نوجوانوں کو کامیابی کے اصول نہیں سکھا پائیں گے۔.
آخر کار مہینوں کی محنت اور کوششوں سے مملکت کے دانا لوگ صرف ایک جملے میں کامیابی کے سارے اصول بیان کرنے میں کامیاب ہوئے کہ:
"جان لو کہ بغیر محنت کے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوا کرتی."
پس اس جملے کو کامیابی کا سنہری اصول قرار دیدیا گیا۔ اور طے پایا کہ یہی اصول ہی ہمت اور جذبے کے ساتھ کسی کو کامیابی کے ساتھ منزل کی طرف گامزن رکھ سکتا ہے۔
پس میرے نوجوان بھائیوں اور کامیابی کی متلاشی بہنو! "جان لو کہ کوئی بھی کامیابی بغیر محنت کے حاصل نہیں ہوا کرتی۔ بعض نوجوان آسان طریقوں سے نوکری حاصل کر لینے کو ہی کامیابی تصور کر لیا کرتے ہیں۔ پھر سالوں کے بعد کام کی زیادتی اور تنخواہ کی کمی کا رونا رو رہے ہوتے ہیں۔ تو کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہوتے ہیں؟ کیوں کہ انہوں نے بغیر محنت کے حاصل ہونے والی کامیابی کی خواہش کی تھی۔ اسی لئے تو کہا جاتا ہے کہ: کامیابی کیلئے منتخب کئے ہوئے آسان اور مختصر راستے )شارٹ کٹس( ہمیشہ کم فائدے اور کم لذت دیا کرتے ہیں۔"
اس کے بر عکس جو لوگ محنت اور مشقت کے ساتھ راتوں کو جاگ جاگ کر کام کیا کرتے ہیں اُن کی آمدنیاں اور فوائد تنخواہوں سے ہزار ہا درجے اچھی ہوا کرتی ہیں اور وہ ایک بہتر زندگی جیا کرتے ہیں۔
اور اسی طرح ماضی و حاضر کی تاریخ کے صفحات پلٹتے جائیے، آپ دیکھیں گے کہ کامیاب لوگوں نے اپنی زندگی کے اوائل اور جوانی میں کس قدر کٹھن اور سخت محنت کی، مگر اس کے بعد وہ اپنی محنتوں کے ثمر سے بھی تو خوب بہرہ ور ہوئے۔ آج تاریخ جن لوگوں کے ناموں سے سجی ہوئی ملتی ہے اُن کی زندگیاں محنت سے عبارت ہیں، اور پھر اسی محنت کے ثمرات سے انہوں نے دنیا و آخرت میں )بإذن الله( کامیابی اور فلاح پائی۔
جی ہاں، یہ بھی یاد رکھئیے کہ جوانی میں آرام پرستی اور آسان راستوں )شارٹ کٹس( کا انتخاب سستی۔ لا پروائی اور کم ہمتی کی علامت ہے۔ بے شک اسی طرز سے زندگی گزاریئے مگر یہ یاد رکھیئے کہ نا تو آپ کسی تاریخ کا حصہ بننے جا رہے ہیں اور نا ہی کسی نے آپ کو یاد رکھنا ہے۔ آپکی زندگی ، آپکا وجود ، آپکا فنا ہوجانا اور آپکی موت اس دنیا کیلئے بے مقصد اور فضول ہے...







No comments:

Post a Comment